-->
امریکہ کا افغانستان کے لیے 327 ملین ڈالرکی انسانی امداد کا اعلان

امریکہ کا افغانستان کے لیے 327 ملین ڈالرکی انسانی امداد کا اعلان

امریکہ نے افغانستان کے انسانی بحران میں مبتلا لوگوں کی مدد کے لیے تقریباً 327 ملین ڈالر کی اضافی انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے ایک بیان میں کہا کہ اس امدادی رقم میں محکمہ خارجہ کے بیورو آف پاپولیشن، ریفیوجیز اور مائیگریشن کے ذریعے تقریباً 119 ملین ڈالر اور امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی کے دفتر برائے انسانی امداد کے ذریعے تقریباً 208 ملین ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔ نئی امداد کے اعلان کے ساتھ کابل میں طالبان کے اگست 2021 میں کے قبضے کے بعد سے اب تک افغانستان اور پڑوسی ممالک میں کل امریکی انسانی امداد  کا حجم ایک اعشاریہ ایک بلین ڈالر سے زیادہ ہو گیا ہے۔ وزیر خارجہ بلنکن نے کہا کہ امریکہ افغان عوام کی مدد کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن بین الاقوامی برادری کے دیگر اراکین سے 31 مارچ کو انسانی ہمدردی کی حمایت سے متعلق ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے کیے گئے امدادی وعدوں پر عمل کرنے کا مطالبہ بھی کر رہا ہے۔ واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کے ایک اعلان کے مطابق امریکی امداد کو اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ، انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن، اور خطے میں عمل درآمد کرنے والے دیگر شراکت داروں سمیت بین الاقوامی انسانی تنظیموں کے ذریعے افغانستان اور پڑوسی ممالک میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیے جانے والے منصوبوں میں امداد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ یہ فنڈنگ اندرونی طور پر بے گھر ہونے والے اور واپس آنے و الے افغان لوگوں کو ایمر جنسی نقد رقم، انہیں پناہ دینے، ان کی صحت کی دیکھ بھال، اور بحالی کے کاموں میں استعمال ہوگی۔ یہ رقم نظام تولید اور زچگی میں خواتین کی زندگی کے لیے ضروری تحفظ اور صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام پر بھی خرچ کی جائے گی۔ اس کے علاوہ،یہ امداد پاکستان سمیت پڑوسی ممالک میں افغان مہاجرین اور میزبان برادریوں کوصحت ،غذا اور کووڈنائنٹین کی عالمی وبا کی اسکریننگ اور ویکسینیشن جیسی خدمات پر بھی صرف ہو گی۔ بلنکن نے بیان میں کہا کہ افغانستان کے عوام کے ساتھ ا مریکی وابستگی پائیدار ہے۔ " ہم ضرورت مند لوگوں کو جنس، نسل، جنسی رجحان، معذوری ،مذہب، یا پیشے سے قطع نظر مدد فراہم کرتے ہیں" ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ بین الاقوامی امداد کے سلسلے میں دیگر عطیہ دہندگان کے تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے  اور دوسروں پر زور دیتا ہے کہ وہ فراخدلی سے افغانستان کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کی حمایت کریں اور افغان عوام کے لیے اپنی حمایت برقرار رکھیں۔

from امریکہ - وائس آف امریکہ https://ift.tt/VT4dcL8

0 Response to "امریکہ کا افغانستان کے لیے 327 ملین ڈالرکی انسانی امداد کا اعلان"

ads

ads 2

Iklan Tengah Artikel 2

ads 3