
فرانس کے آنجہانی صدر جیکس شیراک کی آخری رسومات میں عالمی لیڈروں کی شرکت
فرانس کے آنجہانی سابق صدر جیکس شیراک کی آخری رسومات کی تقریب آج پیر کے روز پیرس میں منعقد ہوئی جس میں موجودہ اور سابق عالمی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ان میں فرانس کے صدر امینوئل میکرون، روس کے صدرولادی میر پوٹن، جرمن صدر فرینک والٹر سٹائن میئر، لبنان کے صدر سعد الحریری، برطانوی ملکہ الزبتھ کے سب سے چھوٹے بیٹے شہزادہ ایڈورڈ، یورپین کمشن کے سربراہ یاں کلاڈے جنکر، افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی اور امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن شامل تھے۔ فرانس کے آنجہانی صدر شیراک اپنی غیر معمولی شخصیت اور 2003 میں عراق پر حملے کی مخالفت کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے۔ اُن کا انتقال گذشتہ ہفتے 86 برس کی عمر میں ہوا۔ شیراک کا جسد خاکی فرانسیسی پرچم میں لپٹا ہوا تھا اور اسے پیرس کی تمام اہم سڑکوں سے گاڑیوں کے قافلے میں گذارتے ہوئے چرچ پہنچا یا گیا۔ اُن کا آخری دیدار کرنے کیلئے سڑکوں پر ہزاروں لوگ جمع تھے۔ جیکس شیراک 1995 سے 2007 تک فرانس کے صدر رہے۔ اُن کی آخری رسوم میں شرکت کیلئے چرچ میں 2000 کے لگ بھگ لوگ جمع تھے۔ اُن سے خطاب کرتے ہوئے پیرس کے آرک بشپ مچل اپتیت نے کہا کہ سابق صدر شیراک عوام سے حقیقی طور پر محبت کرتے تھے اور ملک کے تمام طبقوں میں یکساں طور پر مقبول تھے۔ جیکس شیراک کی 86 سالہ اہلیہ برناڈیٹے خرابی صحت کی بنا پر اس تقریب میں شرکت نہ کر سکیں۔ تاہم انہوں نے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ پیرس کے ایک ہوٹل میں ایک نجی دعائیہ تقریب میں شرکت کی جہاں اختتام ہفتہ اُن کے تابوت کو سرکاری اعزاز کے ساتھ رکھا گیا تھا۔ بعد میں اُن کی تدفین پیرس کے ایک قبرستان میں کر دی گئی۔ تدفین کے بعد فرانس کے صدر میکروں نے غیر ملکی مہمانوں کو ضیافت دی۔ تاہم روس کے صدر پوٹن ضیافت سے قبل ہی واپس وطن روانہ ہو گئے۔
from دنیا - وائس آف امریکہ https://ift.tt/2mjsYjy
from دنیا - وائس آف امریکہ https://ift.tt/2mjsYjy
0 Response to "فرانس کے آنجہانی صدر جیکس شیراک کی آخری رسومات میں عالمی لیڈروں کی شرکت"
Post a Comment