
سابق مس یو ایس اے چیسلی کرسٹ کی مبینہ خودکشی
امریکہ میں 2019 کے مقابلۂ حسن کی فاتح اور تفریحی خبروں کے پروگرام "ایکسٹرا" کی نمائندہ چیسلی کرسٹ 30 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ پولیس کے مطابق چیسلی نے مین ہٹن اپارٹمنٹ کی عمارت سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ چیسلی کی لاش اتوار کی صبح تقریباً 7 بجے مین ہٹن کے وسط میں ویسٹ 42 ویں اسٹریٹ پر واقع اورین عمارت کے سامنے سے ملی۔ چیسلی کو پہلی سیاہ فام 'مس یو ایس اے' کا اعزاز حاصل تھا۔ وہ ایک ڈویژن ایتھلیٹ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک وکیل بھی تھیں۔ ان کی موت کی وجوہات اب تک سامنے نہیں آسکیں۔ خبر رساں ادارے 'ایسو سی ایٹڈ پریس' کے مطابق چیسلی کے اہل خانہ نے ایک بیان میں ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چیسلی نے اپنی عظیم روشنی کے ذریعے دنیا بھر کےلوگوں کو اپنی خوبصورتی اور طاقت سے متاثر کیا تھا اور خاندان ان کی موت پر انتہائی غم اور افسوس کے عالم میں ہے۔ موت سے چند گھنٹے قبل چیسلی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ بھی کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ "دعا ہے کہ آج آپ پرسکون رہیں۔" چیسلی کے خاندان نے ان کی موت پر جاری بیان میں مزید کہا ہے کہ چیسلی محبت کی ایک علامت تھیں اور انہوں نے ہمشیہ دوسروں کی خدمت کی، چاہے وہ سماجی انصاف کے لیے لڑنے والے وکیل کے طور پر ہو، مس یو ایس اے کے طور پر ہو یا پروگرام 'ایکسٹرا' کی میزبان کے طور پر۔ہم جانتے ہیں کہ ان کا اثر باقی رہے گا۔ چیسلی جس "سنڈیکیٹڈ " پروگرام "ایکسٹرا" کی میزبانی کرتی تھیں اس نے اتوار کو ان کی موت پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ شو کا صرف ایک اہم حصہ ہی نہیں بلکہ ایکسٹرا فیملی کا ایک پیارا حصہ تھیں۔ پروگرام کی ٹیم کی طرف سے کہا گیا کہ ابھی پچھلے ہی مہینے چیسلی نے مس یونیورس مقابلے میں کمنٹری کی تھی، اور اس موقع پر انہیں ایک روشن گرم جوش، اور مہربان شخصیت قرار دیا گیا تھا۔ ادھر اپنی سابق طالب علم اور ایتھلیٹ کی تعریف کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ساؤتھ کیرولائنا نے چیسلی کرسٹ کو "بہت سی صلاحیتوں کی حامل خاتون" قرار دیا ہے۔ اپنے تعلیمی کریئر میں چیسلی کرسٹ نے ویک فاریسٹ یونیورسٹی سے ایم بی اے بھی کیا تھا۔
from امریکہ - وائس آف امریکہ https://ift.tt/oKS6B89de
from امریکہ - وائس آف امریکہ https://ift.tt/oKS6B89de
0 Response to "سابق مس یو ایس اے چیسلی کرسٹ کی مبینہ خودکشی"
Post a Comment