-->
امریکہ کے ساتھ ’جنگ بندی‘, افغان فورسز پر حملے

امریکہ کے ساتھ ’جنگ بندی‘, افغان فورسز پر حملے

افغانستان میں طالبان نے ایک تازہ حملے میں سرکاری فوج کے 17 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ تاہم طالبان لیڈر مبینہ طور پر امریکہ کے ساتھ عارضی فائر بندی پر غور کر رہے ہیں تاکہ افغانستان سے امریکی فوجوں کے انخلا سے متعلق معاہدہ طے کیا جا سکے۔ تخار صوبے کے سرکاری ترجمان جواد ہیجری نے اتوار کے روز وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ہفتے کی رات ہونے والے حملے میں بہاؤلدین صوبے کی ایک فوجی چوکی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اس چوکی پر طالبان مخالف حکومت نواز ملیشیا کے اہلکار ڈیوٹی دے رہے تھے کہ اچانک طالبان نے ان پر حملہ کر دیا۔  ترجمان نے مذید بتایا کہ اس حملے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ ادھر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں حکومت نواز ملیشیا کے 21 اہلکار ہلاک کر دیے گئے جبکہ طالبان کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔ افغانستان میں شدید سردی کے باوجود طالبان کے حملے جاری ہیں اور گذشتہ ہفتے کے دوران طالبان نے سرکاری فوجوں کے 50 سے زائد اہلکاروں کو ہلاک کیا ہے۔ تاہم سرکاری اہلکاروں کا کہنا ہے کہ افغانستان کی فوج کی طرف سے جوابی کارروائی کے دوران طالبان کو بھاری جانی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ یہ ہلاکت خیز کارروائی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب طالبان قیادت مبینہ طور پر امریکہ کی سربراہی میں غیر ملکی فوجوں کے ساتھ ایک ہفتے کی عارضی فائر بندی پر رضامند ہو گیا ہے جو آئیندہ ماہ کے اوائل سے شرع ہو سکتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس عارضی فائر بندی سے طالبان اور امریکہ کے درمیان امریکی فوجیوں کے انخلا سے متعلق معاہدے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ایسے معاہدے کے بعد طالبان اور افغان حکومت کے درمیان بھی کئی دہائیوں سے جاری محاذآرائی کے مستقل خاتمے کی امید پیدا ہو گی۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تصدیق کی ہے کہ طالبان کی لیڈرشپ کونسل جنگ بندی پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ تاہم ترجمان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور فیصلے کا اعلان مشاورت اور غور و فکر مکمل ہونے پر کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق طالبان کا خیال ہے کہ عارضی فائر بندی کے اعلان کے بعد امریکہ کے ساتھ امن بات چیت فوری طور پر شروع ہو سکتی ہے جس میں افغانستان سے غیر ملکی فوجوں کی واپسی کا امکان پیدا ہو جائے گا۔ امریکہ نے طالبان کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ اس ماہ منقطع کرتے ہوئے طالبان سے کہا تھا کہ وہ بات چیت کو آگے بڑھانے کی خاطر عارضی فائر بندی پر رضامند ہو۔

from جنوبی ایشیا - وائس آف امریکہ https://ift.tt/363RcQu

Related Posts

0 Response to "امریکہ کے ساتھ ’جنگ بندی‘, افغان فورسز پر حملے"

ads

ads 2

Iklan Tengah Artikel 2

ads 3