
جوز بٹلر خود کو انگلینڈ کا بہترین کھلاڑی ثابت کرنے میں کامیاب
وکٹ کیپر بیٹسمین جوزبٹلر محدود اوورز کی کرکٹ میں خود کو انگلینڈ کا بہترین کھلاڑی ثابت کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ پاکستان کے خلاف ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کے دوران ان کی بیٹنگ نے پاکستانی بالر کے خلاف جس طرح رنز کئے اس پر پاکستانی ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور انگلینڈ کے کپتان این مورگن بھی ان کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے۔ انگلینڈ کی 10 تیز ترین سنچریوں میں سے 5 بٹلر نے اسکور کی ہیں جن میں تازہ ترین سنچری انہوں نے پاکستان کے خلاف ہفتے کو بنائی۔ بٹلر 66 منٹ وکٹ پر ٹھہر ے اور محض 55 گیندوں پر 9 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 110 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کا اسکور 373 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ تک پہنچایا اور پاکستان کو 12 رنز سے شکست دینے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ بٹلر کی اس دھواں دار اننگز کو جہاں کرکٹ کے مداحوں نے بے حد سراہا ، وہیں پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ہمارے بالرز کے پاس کوئی ایسی ترکیب نہیں تھی جس سے بٹلر کو رنز بنانے سے روکا جا سکے۔ مکی آرتھر کے مطابق انہوں نے بالرز کو ہدایت کی تھی جو بھی ہو بٹلر کو جلد آؤٹ کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن جنہوں نے بٹلر کے ساتھ شاندار 162 رنز کی شراکت داری قائم کی تھی۔ انہوں نے اپنے ساتھی کرکٹر کی تعریف کرتے ہوئے اُنہیں دونوں ٹیموں کے درمیان فرق قرار دیا ہے۔ مورگن کا کہنا ہے کہ بٹلر کو کسی بھی موقع پر بیٹنگ کے لئے بھیجا جائے اچھا پرفارم کرتے ہیں وہ 50 گیندوں پر سنچری بنا دیتے ہیں۔ جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے خود سے بہت کچھ سیکھا ہے گذشتہ چند برسوں میں بہت تجربہ ملا جسے آپ ہر طرح کی کنڈیشنز میں استعمال کر سکتے ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی جوز بٹلر کے پاس ہے۔ 2015 میں پاکستان کے خلاف دبئی میں بٹلر نے صرف 46گیندوں پر ناقابل شکست 116 رنز بنائے تھے۔ 2012 میں پاکستان کے خلاف دبئی میں اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کرنے والے جوز بٹلر اب تک 129 میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں جن میں 42 اعشاریہ 13 کی اوسط سے 3 ہزار 497 رنزشامل ہیں۔ اُن کا بہترین اسکور 150 ہے جبکہ 8 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں بھی ان کے کھاتے میں ہیں۔
from کھیل - وائس آف امریکہ http://bit.ly/2E4ZJ9I
from کھیل - وائس آف امریکہ http://bit.ly/2E4ZJ9I
0 Response to "جوز بٹلر خود کو انگلینڈ کا بہترین کھلاڑی ثابت کرنے میں کامیاب"
Post a Comment