
اضافی ٹیکس کے امریکی اقدام کا جواب دیں گے: چین
امریکہ نے چین سے درآمد کئے جانے والے تجارتی سامان پر محصولات کی شرح 10 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ چین کی جانب سے امریکی فیصلے کا جوابی ردعمل دینے کا اعلان بھی سامنے آیا ہے۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے پر عمل درآمد ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکہ اور چین کے مابین تجارتی معاہدے کے لئے واشنگٹن میں مذاکرات بھی جاری ہیں۔ چین کے نائب وزیر اعظم 'لی ہی' نے امریکی نمائندوں سے جمعرات کو ڈیڑھ گھنٹۓ تک مذاکرات کئے۔ دنیا کی دونوں بڑی معاشی قوتیں 10 ماہ سے تجارتی مفاہمت کے لئے کوشاں ہیں۔ چین کی وزارت تجارت کی جانب سے امریکی اقدام پر مایوسی کا اظہار کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق چین امریکہ کے اس فیصلے کا مناسب جواب دے گا۔ اضافی ٹیکس کا اطلاق جمعے سے ہو گیا ہے جس کے بعد چین سے درآمد کئے جانے والے 200 ارب ڈالر کے تجارتی سامان پر ٹیکس کی شرح 10 فیصد کی بجائے 25 فیصد ہو گی۔ صدر ٹرمپ یہ بھی واضح کر چکے ہیں کہ 200 ارب ڈالر کے علاوہ بھی چین سے آنے والے درآمدی سامان پر اضافی ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ باہمی تجارت سے متعلق اتفاق رائے سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔ دھ کو امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے چین پر امریکہ کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ توڑنے کا الزام لگاتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر باہمی تجارت پر دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت نہ ہوئی تو اس کا خمیازہ چین کو بھگتنا پڑے گا۔ دنیا کی دونوں بڑی معیشتوں کے درمیان جولائی 2018ء سے تجارتی جنگ جاری ہے جو صدر ٹرمپ کے اس مطالبے سے شروع ہوئی تھی کہ چین اپنی معیشت میں ایسی اصلاحات کرے جس سے امریکی کمپنیوں کے حقوقِ دانش محفوظ بنانے اور چینی منڈیوں تک ان کی رسائی آسان بنانے میں مدد مل سکے۔ گو کہ دونوں ملکوں کے درمیان اختلافی معاملات پر بات چیت کا سلسلہ بھی جاری ہے لیکن ایک دوسرے کی برآمدات پر عائد کیے جانے والے ٹیرف کے سبب نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ عالمی معیشت کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ حالیہ چند ہفتوں کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تنازعات پر کسی معاہدے پر اتفاقِ رائے کی امیدیں روشن ہوئی تھیں لیکن گزشتہ ہفتے مجوزہ معاہدے کی تحریر پر اختلافات کے باعث معاملہ ایک بار پھر کھٹائی میں پڑتا نظر آرہا ہے
from دنیا - وائس آف امریکہ http://bit.ly/2LBkxfl
from دنیا - وائس آف امریکہ http://bit.ly/2LBkxfl
0 Response to "اضافی ٹیکس کے امریکی اقدام کا جواب دیں گے: چین"
Post a Comment