
رابرٹ ملر رپورٹ: خلاصہ آج جاری ہونے کی توقع
2016 کے امریکی انتخاب میں مبینہ روسی مداخلت کے بارے میں سپیشل کونسل رابرٹ ملر کی تیارہ کردہ خفیہ رپورٹ کا خلاصہ آج جاری ہونے کی توقع ہے۔ اس رپورٹ میں اس بات کا بھی جائزہ کیا گیا ہے کہ آیا منصب صدارت سنبھالنے کے بعد صدر دونلڈ ٹرمپ نے اس بارے میں انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تھی یا نہیں۔ امکان ہے کہ اس تفصیلی رپورٹ کا خلاصہ امریکہ کے اٹارنی جنرل ولیم بر آج کسی وقت جاری کر دیں گے۔ رابرٹ ملر نے 22 ماہ تک جاری رہنے والی تفتیش کے بعد یہ خفیہ رپورٹ جمعہ کے روز اٹارنی جنرل ولیم بر کو پیش کر دی تھی اور اُنہوں نے اور اُن کے عملے نے ہفتے کے روز کئی گھنٹے تک اس رپورٹ کا جائزہ لیا۔ اٹارنی جنرل کے عملے کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ کا مزید جائزہ لینے بعد اس کا خلاصہ کانگریس کو پیش کر دیا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی اسے عوام کیلئے بھی جاری کر دیا جائے گا۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے علاوہ صدر ٹرمپ کی جماعت رپبلکن پارٹی کے اہم ارکان کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ رپورٹ مکمل حالت میں جاری کی جائے۔ تاہم اس بات کی توقع کم ہے کہ اٹارنی جنرل ایسا کریں گے۔ صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ مکمل رپورٹ جاری کرنے کی مخالفت نہیں کریں گے۔ تاہم اُنہوں نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ خود اٹارنی جنرل کو کرنا ہے کہ اس رپورٹ کا کتنا حصہ جاری کیا جائے۔ وائٹ ہاؤس کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کو اس رپورٹ کے بارے میں فی الحال کوئی بریفنگ نہیں دی گئی ہے۔ صدر ٹرمپ یہ اختتام ہفتہ فلوریڈا میں اپنے گولف کورس میں گولف کھیلتے ہوئے گزار رہے ہیں۔ اُنہوں نے آج اتوار کے روز فلوریڈا سے ٹویٹ کیا، ’’صبح بخیر۔ آپ کا یہ دن اچھا گزرے۔‘‘
from امریکہ - وائس آف امریکہ https://ift.tt/2CB54oR
from امریکہ - وائس آف امریکہ https://ift.tt/2CB54oR
0 Response to "رابرٹ ملر رپورٹ: خلاصہ آج جاری ہونے کی توقع"
Post a Comment