
دبئی ٹیسٹ: آسٹریلیا 202 رنز پر آؤٹ، پاکستان کے 3 وکٹ پر 45 رنز
بلال آصف کی تباہ کن اسپن بولنگ نے آسٹریلوی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔ پاکستان کے 482 رنز کے جواب میں پوری ٹیم 202 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان نے 280 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ کپتان سرفراز نے فالو آن کے بجائے خود بیٹنگ کو ترجیح دی اورتیسرے روز کے کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 45 رنز بنالئے۔ محمد حفیظ، بلال آصف اور اظہر علی آؤٹ ہوکر پویلین کی راہ دیکھ چکے ہیں۔ دوسری اننگز میں محمد حفیظ نے 17 اور اظہر علی نے چار رنز بنائے جبکہ بلال آصف نے کوئی رن نہیں بنایا۔ امام الحق 23 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اس سے پہلے جب تیسرے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو اوپنر عثمان خواجہ اور ایرون فنچ کی شاندار بیٹنگ کے باعث ایک موقع پر 142 رنز پر آسٹریلیا کا کوئی بھی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا تھا لیکن اسکور میں صرف 60 رنز کے اضافے پر 10 وکٹیں گریں۔ پہلے سیشن کے برعکس دوسرے سیشن میں پاکستانی بولرز نے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پاکستان کو پہلی کامیابی اُس وقت ملی جب ایرون فنچ 62 رنز بناکر محمد عباس کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ایرون فنچ کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ کا نقشہ یکسر تبدیل ہوگیا، کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے بلال آصف نے اسپن کا ایسا جادو جگایا جس کا توڑ کوئی بھی آسٹریلوی بیٹسمین نہ کرسکا۔ شان مارش بلال آصف کی گیند کو سمجھ نہ سکے اور اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے، آسٹریلیا کے پراعتماد بیٹسمین عثمان خواجہ کو بھی بلال آصف نے پویلین کی راہ دکھائی، وہ 85 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ٹریوس ہیڈ اور لبوس چاگنے کو بلال آصف نے اپنے ایک ہی اوور میں بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس بھیجا جبکہ مچل مارش کو 12 رنز پر محمد عباس نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ کپتان ٹم پین مشکل صورتحال میں بیٹنگ کے لئے آئے اور صرف سات رنز بناکر بلال آصف کی گیند پر امام الحق کو کیچ تھما دیا۔ یہ بلال آصف کی پانچویں وکٹ تھی۔ مچل اسٹارک اور پیٹر سِڈل کو محمد عباس نے آؤٹ کیا جبکہ اننگز کی آخری وکٹ نیتھن لوین کی تھی جو بلال آصف کے حصے میں آئی، یوں انہوں نے کیریئر کے پہلے ہی ٹیسٹ میں صرف 36 رنز دے 6 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ محمد عباس نے بھی شاندار بولنگ کی اور حریف ٹیم کے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، یاسر شاہ سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے اور 80 رنز دے کوئی بھی وکٹ نہ لے سکے۔
from کھیل - وائس آف امریکہ https://ift.tt/2A0yHyS
from کھیل - وائس آف امریکہ https://ift.tt/2A0yHyS
0 Response to "دبئی ٹیسٹ: آسٹریلیا 202 رنز پر آؤٹ، پاکستان کے 3 وکٹ پر 45 رنز"
Post a Comment